بھٹکل :3؍ اکتوبر(ایس اؤ نیوز) انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے شعبہ سینٹرآف ایکسلنسی کے زیر اہتمام انجمن کالج طلبا کے لئے شروع کئے گئے اے سی سی اے (ACCA) اور سی اے فاؤنڈیشن (CA Foundation) کے کوچنگ کلاسس کی افتتاحی تقریب 3اکتوبر 2021بروز اتوار کو انجمن پی یوکالج کے ہال میں منعقد ہوئی۔
پی یو کے متعلم محمد شریم کی تلاوت سے تقریب کا آغاز ہوا۔انجمن ڈگری کالج اینڈ پی جی سنٹر کے پرنسپال پروفیسر ایم کےشیخ نے استقبال کیا ، سینٹر آف ایکسلنسی کے کنونیر آفتاب قمری نے سینٹر کا تعارف اور غرض وغایت کو پیش کیا۔ انجمن کے صدر قاضیا مزمل نے صدارتی کلمات پیش کرتےہوئے انجمن کی طرف سے پیش کی جانے والی مختلف سہولیات سے استفادہ کرنے کی اپیل کی۔ انجمن پی یوکالج کے نائب پرنسپال پروفیسر عبدالرحیم خان نے شکریہ کلمات اداکئے۔ سینٹر آف ایکسلنسی کے کو آرڈینیٹر پروفیسر حبان شاہ بندری نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ ڈائس پر انجمن کےنائب صدر صادق پلور، جنرل سکریٹری صدیق اسماعیل ، ایڈیشنل جنرل سکریٹری اسحق شاہ بندری موجود تھے۔ تقریب میں انجمن کے مختلف عہدیداران، اراکین انتظامیہ اور طلبا کی کثیر تعداد شریک تھی۔
سینٹر کے کو آرڈینیٹر پروفیسر حبان شاہ بندری نے بتایا کہ انجمن کے زیر اہتمام انجمن کے پی یو سی اور ڈگری کالج کے شعبہ کامرس میں زیر تعلیم طلبا کےلئے اے سی سی اے اور سی اے کےکوچنگ کلاسس شروع کی گئی ہیں۔انکے مطابق متعلقہ طلبا کو ماہرین کی جانب سے خصوصی کوچنگ فراہم کی جائے گی اور طلبہ کی بھرپور رہنمائی کی جائےگی۔ اے سی سی اے کےکلاسس شروع ہوچکے ہیں جبکہ اگلے دس بارہ دنوں میں سی اے کوچنگ کلاسس بھی شروع ہوجائیں گے۔ انہوں نے بتایاکہ دونوں کورس کےکلاسس دوپہر 2بجے سے 5بجے تک ہونگے۔ اس سلسلےمیں جو بھی طلبا کوچنگ کلاسس میں شریک ہونا چاہتےہیں وہ پروفیسر حبان شاہ بندری سےرابطہ کرسکتے ہیں۔